سیالکوٹ ( پاک ترک نیوز) پاکستان میں فٹ بال کے کھیل کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت، پرتگال کے معروف فٹ بال کلب ایف سی پورٹو نے سیالکوٹ فٹ بال اکیڈمی کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ کرلیا۔معاہدے کے تحت سیالکوٹ میں ایف سی پورٹو کے تعاون سے عالمی معیار کی ڈریگن فورس اکیڈمی قائم کی جائے گی، جہاں پاکستانی نوجوانوں کو جدید اور پیشہ ورانہ انداز میں فٹ بال کی تربیت دی جائے گی۔اکیڈمی فارورڈ اسپورٹس کی سرپرستی میں فعال ہوگی، جو عالمی سطح پر فٹ بال کے کھیل سے وابستہ ہے اور فیفا عالمی کپ کے لیے گیندیں تیار کرنے والے اداروں میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی حوثی حملوں کی مذمت، سعودی عرب کے دفاع کے حق کی حمایت
ایف سی پورٹو اپنے یورپی تربیتی نظام، تجربے اور جدید طریقہ کار کے ذریعے پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارے گا اور انہیں اعلیٰ سطح کے مقابلوں کے لیے تیار کیا جائے گا۔سیالکوٹ میں اکیڈمی کے قیام کے بعد ایف سی پورٹو کے عالمی تربیتی نیٹ ورک میں زیرتربیت نوجوان کھلاڑیوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرجائے گی۔












