پیرس ( پاک ترک نیوز) یورپ کے دفاعی طیارہ ساز اتحاد یوروفائٹر نے دنیا بھر میں مزید 200 سے زائد ٹائیفون جنگی طیارے فروخت کرنے کے امکانات ظاہر کردیے۔طیارہ ساز اتحاد کے مطابق سعودی عرب، آسٹریا اور ترکیہ سمیت متعدد ممالک میں ٹائیفون طیاروں کی ممکنہ فروخت کے لیے مارکیٹ موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق ممکنہ خریداروں میں سعودی عرب کے لیے 54، آسٹریا کے لیے 36 اور ترکی کے لیے 24 طیاروں کی طلب کا تخمینہ پیش کیا گیا ہے۔
یوروفائٹر ٹائیفون چار یورپی ممالک برطانیہ، جرمنی، اٹلی اور اسپین کے مشترکہ دفاعی منصوبے کے تحت تیار کیا جاتا ہے۔ یہ جدید ملٹی رول جنگی طیارہ فضائی دفاع، زمینی اہداف کو نشانہ بنانے اور نگرانی سمیت مختلف فوجی آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ترکی پہلے ہی برطانیہ سے 20 نئے یوروفائٹر طیارے خریدنے کا معاہدہ کرچکا ہے، جبکہ قطر اور عمان سے مزید 24 طیارے حاصل کرنے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔دوسری جانب آسٹریا اپنے پرانے جنگی طیاروں کی جگہ 36 جدید طیارے حاصل کرنے کے منصوبے پر غور کر رہا ہے، جبکہ سعودی عرب بھی مزید ٹائیفون طیاروں کے حصول میں دلچسپی رکھتا ہے۔رپورٹ کے مطابق ان ممکنہ فروخت کے اہداف میں تاحال کسی ملک کی جانب سے تمام بتائی گئی تعداد کے لیے حتمی خریداری معاہدے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
یوروفائٹر کو امریکی ایف 35، ایف 15 ای ایکس، فرانسیسی رافیل اور سویڈش گریپن جیسے جنگی طیاروں سے بھی عالمی مارکیٹ میں مقابلے کا سامنا ہے۔دفاعی صنعت کے لیے ان ممکنہ معاہدوں کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ یوروفائٹر اتحاد اپنے ٹائیفون طیاروں کی پیداوار میں سالانہ 30 یا اس سے زائد طیاروں تک اضافہ کرنے کا خواہاں ہے۔












