کراچی (کامرس ڈیسک )کراچی پورٹ پر واقع کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ میں ڈریجنگ کا اہم منصوبہ مکمل کر لیا گیا ، جس کے بعد بندرگاہ پر بڑے بحری جہازوں کی آمد ممکن ہو گئی ۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کی تجارتی صلاحیت، برآمدات اور بحری نقل و حمل کے شعبے کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
منصوبے کے تحت کراچی پورٹ کے اپر اور لوئر چینل کی گہرائی 14 میٹر جبکہ ایسٹ وارف کے برتھ نمبر 6 سے 17 تک گہرائی 15.5 میٹر تک بڑھا دی گئی ہے۔ اس سے کنٹینر اور بلک کارگو دونوں شعبوں کی آپریشنل صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
حکام کے مطابق اب کراچی گیٹ وے ٹرمینل 350 میٹر لمبے اور 15.5 میٹر ڈرافٹ رکھنے والے بڑے بحری جہازوں کو سنبھال سکے گا، جبکہ اس سے قبل ٹرمینل تقریباً 305 میٹر لمبے اور 13 میٹر ڈرافٹ والے جہازوں تک محدود تھا۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چودھری نے کہا کہ ڈریجنگ منصوبہ حکومت کے بندرگاہی نظام کو جدید بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے کراچی پورٹ اب ایک لاکھ ٹن گراس رجسٹرڈ ٹنیج اور 350 میٹر لمبے جہازوں کو سنبھالنے کے قابل ہو گیا۔
منصوبے کے اگلے مرحلے میں کنٹینر ٹرمینل کی توسیع جاری ہے، جس کے بعد سالانہ کنٹینر ہینڈلنگ صلاحیت 7 لاکھ 50 ہزار TEUs سے بڑھ کر 10 لاکھ TEUs تک پہنچ جائے گی۔ اس کے علاوہ جدید کرینوں اور دیگر آلات کی تنصیب بھی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب کراچی گیٹ وے ٹرمینل ملٹی پرپز لمیٹڈ اب تقریباً 1 لاکھ 20 ہزار ٹن وزنی پوسٹ پینامیکس بلک کارگو جہازوں کو سنبھال سکے گا، جبکہ پہلے صرف 60 ہزار ٹن تک کے جہازوں کی گنجائش موجود تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سہولت سے پاکستان کو سالانہ تقریباً 13 کروڑ ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت، برآمدات میں اضافے اور شپنگ لاگت میں کمی جیسے فوائد حاصل ہوں گے۔












