نیو یارک ( پاک ترک نیوز) پاکستان نے حوثی ملیشیا کی جانب سے تجارتی جہازوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے آزادانہ بحری آمد و رفت اور تجارتی جہازوں کی سلامتی یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانا عالمی بحری تجارت اور سمندری سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ، مشترکہ جائیداد کی نیلامی کے لیے قانونی تقاضے پورے کرنا لازمی قرار
انہوں نے کہا کہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات سمندری سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں، اس لیے آزادانہ بحری آمد و رفت اور تجارتی جہازوں کی سلامتی کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
پاکستانی سفیر نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرنے اور معمول کی بحری آمد و رفت بحال کرنے پر بھی زور دیا۔عاصم افتخار نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوش حالی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے تمام فریقوں کو اشتعال انگیزی سے گریز کرتے ہوئے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دینی چاہیے۔
پاکستان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بین الاقوامی سمندری راستوں کا تحفظ عالمی تجارت اور خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے اور تجارتی جہازوں کو کسی بھی قسم کے حملوں سے محفوظ بنایا جانا چاہیے۔












