اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) حکومت نے مری ایکسپریس وے کو مظفرآباد تک مزید 70 کلومیٹر توسیع دینے کا فیصلہ کر لیا ، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا خصوصی اجلاس ہوا ۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم نے کہا آزاد کشمیر کے عوام کو بھی مری ایکسپریس وے کی طرز پر موٹروے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، مری-مظفرآباد ایکسپریس وے کی تعمیر سے کشمیر کے عوام کے لیے جدید اور محفوظ سفری سہولت کا آغاز ہوگا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا این ایچ اے کے جاری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، نئے منصوبوں سے پہلے پہلے سے جاری شدہ پراجیکٹس مکمل کیے جائیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا ایم ایٹ موٹروے کی تکمیل کے لیے ہوشاب آواران روڈ کو ترجیحی منصوبوں کی فہرست میں شامل کیا جائے، آواران نال منصوبہ اور ہوشاب- آواران روڈ ایران کے ساتھ تجارت بڑھانے کے لیئے اہم ہیں۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا پاک ایران تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لیے ان شاہراہوں کی بر وقت تعمیر ناگزیر ہے، اس مالی سال میں این ایچ اے کو پہلے سے جاری 25 ترجیحی منصوبوں کی تکمیل کی طرف جانا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ کاہنہ کے بعد ایک اور سکول کی چھت گر گئی،بچہ جاں بحق ،4زخمی
عبدالعلیم خان نے کہا این ایچ اے کو مستقبل میں تین سے چار سو ارب روپے سالانہ کمانے والا ادارہ بنائیں گے، حکومت سے مانگنے کی بجائے این ایچ اے اپنے وسائل میں اضافہ کرے گا۔
وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے اور سینئر افسران نے اجلاس میں بریفنگ دی ، اجلاس میں مالی سال کے اختتام کی صورتحال اور دیگر امور پر غوروخوض اور اہم فیصلے کیے گئے۔












