دبئی ( پاک ترک نیوز) خلیجی ممالک میں جنگ کے بعد طاقتور طوفان کی پیش گوئی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں تیز بارش، شدید آندھی اور گرد آلود ہواؤں کا امکان ہے جبکہ ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہفتے کے اختتام تک مختلف علاقے شدید بارشوں سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں سمندری لہریں بھی خطرناک حد تک بلند ہو سکتی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر لہروں کی اونچائی ڈھائی میٹر سے بھی تجاوز کر سکتی ہے، جس سے ساحلی علاقوں میں خطرات بڑھ گئے ۔
دوسری جانب امارات میں بھی طوفانی بارشوں کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر شہریوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا شروع کر دی ہیں ۔ لوگ ریت کی بوریاں خرید رہے ہیں اور پلاسٹک شیٹس کے ذریعے گھروں کو محفوظ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اماراتی محکمہ اوقاف نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شدید بارش کے دوران گھروں میں ہی نماز ادا کریں۔ حکام نے مساجد کے آئمہ کرام کو بھی ہدایت کی ہے کہ اذان کے بعد لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کریں تاکہ لوگ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طوفان نہ صرف شہری زندگی کو متاثر کرے گا بلکہ ٹرانسپورٹ اور فضائی آپریشنز بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔












