امریکی کمپنی ٹیسلا نے اپنی خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی سے لیس گاڑی سائبر کیب ذاتی استعمال کے لیے منتخب صارفین کو فروخت کرنے کی پیشکش کر دی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیسلا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اعلان کرتے ہوئے سائبر کیب کی تصویر بھی جاری کی، جس کی قیمت 29 ہزار 990 ڈالر مقرر کی گئی ہے، تاہم گاڑی کے خودکار نظام کے استعمال کے لیے ماہانہ 299 ڈالر کی اضافی رکنیت بھی درکار ہوگی۔
ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے کہا ہے کہ متعلقہ حکومتی منظوری ملنے کے بعد یہ پیشکش ملک بھر میں دستیاب ہوگی۔
ایلون مسک نے ماہانہ 299 ڈالر کی رکنیت کو زیادہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے ٹیسلا کی دیگر گاڑیوں میں خودکار ڈرائیونگ اور رابطے کی سہولت کے لیے وصول کی جانے والی تقریباً 115 ڈالر ماہانہ فیس کے برابر ہونا چاہیے۔
ٹیسلا کا رواں سال کے اختتام تک سائبر کیب روبوٹیکسی عام صارفین کو فروخت کرنے کا منصوبہ ہے۔
کمپنی کے مطابق سائبر کیب بغیر کسی انسانی نگرانی کے بھی خودکار انداز میں سفر کر سکے گی، بالکل اسی طرح جیسے ٹیسلا کی روبوٹیکسی سروس کام کرتی ہے۔
ٹیسلا نے جون 2025 میں امریکی شہر آسٹن میں بغیر انسانی نگرانی کے روبوٹیکسی سروس شروع کی تھی، بعد ازاں اپریل 2026 میں ڈیلاس اور ہیوسٹن جبکہ جولائی 2026 میں میامی تک اس کا دائرہ وسیع کر دیا گیا۔
یہ پیش رفت خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی کو عام صارفین تک پہنچانے کی جانب ٹیسلا کا اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔










