کینبرا(پاک ترک نیوز)آسٹریلوی کرکٹ میں آٹھ سال پرانا بال ٹیمپرنگ اسکینڈل ایک بار پھر زیر بحث، ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے الزامات کو بے بنیاد اور سراسر بکواس قرار دے دیا۔
پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ عثمان خواجہ کا یہ دعویٰ کہ 2018 میں پوری آسٹریلوی ٹیم کو بال ٹیمپرنگ کا علم تھا، 100 فیصد غلط ہے۔ سینڈ پیپر کے استعمال سے متعلق نہ کوئی ماسٹر پلان بنایا گیا اور نہ ہی ٹیم کی کوئی میٹنگ ہوئی۔
کمنز کے مطابق انہیں میدان میں سینڈ پیپر استعمال کیے جانے کا علم نہیں تھا اور وہ اس منصوبے کا حصہ نہیں تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران بھی انہوں نے سچ بیان کیا تھا۔
آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ عثمان خواجہ کے الزامات سے انہیں شدید حیرت ہوئی، کیونکہ وہ ان کے دوست ہیں، تاہم دوست ایک دوسرے کی زندگی اور ساکھ کے معاملے میں لاپرواہی نہیں برتتے۔
پیٹ کمنز نے واضح کیا کہ وہ عثمان خواجہ کے خلاف قانونی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتے، تاہم ان کی کتاب میں لگائے گئے بعض الزامات ممکنہ طور پر ہتک آمیز ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاسداران انقلاب کا بحرین میں امریکی ریڈار پر تازہ حملہ
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو دی گئی سزائیں ضرورت سے زیادہ سخت تھیں، جبکہ آٹھ سال پرانے واقعے کو دوبارہ اٹھانے سے کھلاڑیوں اور ان کے خاندانوں پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔







