اسلام آباد(پاک ترک نیوز)پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت تیزی سے وسعت اختیار کرنے لگی، آن لائن ادائیگیوں اور موبائل بینکنگ کے بڑھتے رجحان نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے نئے امکانات روشن کردیے۔
پاکستان کا ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام کاروباری اداروں اور صارفین کے لین دین کے طریقوں میں نمایاں تبدیلی لارہا ہے، جبکہ فن ٹیک کا شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 کے دوران ملک میں ریٹیل ٹرانزیکشنز کی مجموعی تعداد 9 ارب 10 کروڑ رہی، جن کی مالیت 612 کھرب روپے ریکارڈ کی گئی۔
مالی سال 2026 میں یہ تعداد بڑھ کر 14 ارب 30 کروڑ تک پہنچ گئی، جبکہ لین دین کی مجموعی مالیت 673 کھرب روپے ہوگئی۔
موبائل بینکنگ کے شعبے میں بھی نمایاں ترقی دیکھنے میں آئی، مالی سال 2021 میں موبائل بینکنگ صارفین کی تعداد ایک کروڑ 9 لاکھ تھی، جو مالی سال 2025 میں بڑھ کر 2 کروڑ 41 لاکھ ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: بال ٹیمپرنگ تنازع پھر زندہ، پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے الزامات مسترد کردیئے
ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں کے بڑھتے استعمال سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے، جبکہ فن ٹیک کے شعبے میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے نئے راستے کھل رہے ہیں۔






