کویت(پاک ترک نیوز )خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک نے کویت میں اپنی مشترکہ فوجی کمانڈ کے لیے جدید ہیڈکوارٹر قائم کرنے اور وہاں افواج تعینات کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ہیڈکوارٹر کے قیام کے لیے کویت کے انتخاب کا فیصلہ منگل کو بحرین کے دارالحکومت منامہ میں ہونے والے جوائنٹ ڈیفنس کونسل کے 23ویں اجلاس میں کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ خلیجی ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے ایران کے مبینہ حملوں کے بعد خلیجی ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے اسے خلیجی یکجہتی کی عملی مثال قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: عراق کے سابق رکنِ پارلیمنٹ احمد العلوانی بیروت میں قتل
تاہم مشترکہ فوجی ہیڈکوارٹر کی ساخت، وہاں تعینات کی جانے والی افواج کی تعداد اور ان کے عملی کردار سے متعلق تاحال تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔واضح رہے کہ خلیج تعاون کونسل میں بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ ان ممالک نے دسمبر 2013 میں کویت میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں مشترکہ فوجی کمانڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔












