لاہور( پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون کے فوراً بعد پنجاب بھر کے تمام شہروں میں خستہ حال اور مخدوش عمارتوں کا جامع سروے کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) فیز ون کی جلد از جلد تکمیل کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں پروگرام پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں وہاڑی، بوریوالا، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ، جلال پور جٹاں، سمبڑیال، مریدکے، کھڈیاں، کبیر والا، چک جھمرہ، بھلوال، اٹک، کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، علی پور چٹھہ، چیچاں وطنی، ڈسکہ، لیہ، سلانوالی، وزیرآباد، بہاولنگر اور میلسی سمیت متعدد شہروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ساہیوال، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ، راولپنڈی اور سیالکوٹ کے منصوبوں پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 29 شہروں میں زیرِ زمین پانی ذخیرہ کرنے کے ٹینک مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 21 شہروں میں ان کی تعمیر جاری ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کی کیس اسٹڈی تیار کرنے، سیوریج اور ڈرینج منصوبوں پر اثر انگیزی رپورٹ (امپیکٹ اسٹڈی) پیش کرنے اور عوامی رائے پر مبنی فیڈ بیک مرتب کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز اور ڈی سی گوجرانوالہ نوید احمد شیخ کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ باغبانپورہ سانحے کے دوران ڈی سی لاہور آخری شہری کو ملبے سے نکالنے تک مسلسل 27 گھنٹے موقع پر موجود رہے، جبکہ گوجرانوالہ میں ریکارڈ بارش کے باوجود چھ گھنٹوں سے بھی کم وقت میں نکاسی آب مکمل کرنا قابلِ تعریف کارکردگی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی آبرالود رہنے اور بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ مختلف شہروں میں نئے سیوریج نظام کے باعث بارش کے پانی کی نکاسی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے مون سون کے دوران ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، واسا، ستھرا پنجاب کے عملے اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے دن رات خدمات انجام دینے والے تمام افسران اور اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔












