اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے ممکنہ لانگ مارچ سے پہلے اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں سیکیورٹی کے بڑے انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس نے 45 ہزار سے زائد افسران اور اہلکاروں کی تعیناتی کی تیاری شروع کردی ہے۔سوال یہ ہے کہ اتنی بڑی پولیس نفری آخر کہاں تعینات ہوگی؟ ذرائع کے مطابق سب سے بڑی نفری اٹک میں تعینات کیے جانے کی تیاری ہے۔اٹک میں تقریباً 30 ہزار پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ ان میں 8 ڈی آئی جیز اور 15 ایس ایس پیز بھی شامل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد میں چار سالہ زینب کے قتل کا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک
دوسری جانب راولپنڈی میں 6 ہزار اہلکار تعینات کیے جانے کی تیاری ہے۔جبکہ 10 سے 12 ہزار اہلکار اسلام آباد پولیس کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔یعنی 27 ستمبر سے پہلے پنجاب پولیس کی ایک بہت بڑی نفری اسلام آباد اور اس کے داخلی راستوں کے اطراف پہنچنے والی ہے۔لیکن معاملہ صرف پولیس نفری تک محدود نہیں۔۔۔ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں کی موومنٹ اور دیگر سیکیورٹی انتظامات کے لیے تقریباً پونے 9 کروڑ روپے کے فنڈز بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق پی سی، ضلعی پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرول، اسپیشل پروٹیکشن یونٹ اور ایلیٹ فورس سمیت مختلف یونٹس کے اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹیوں پر تعینات کیے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نفری کی مختلف مقامات پر روانگی 22 ستمبر سے شروع کیے جانے کی تیاری ہے۔ یعنی لانگ مارچ کی تاریخ سے کئی روز پہلے ہی سیکیورٹی کا بڑا آپریشن شروع ہوجائے گا۔












