لاہور( پاک ترک نیوز) صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے سیاسی جماعتوں کے احتجاج کو روکنے کے لیے اسلام آباد اور پنجاب پولیس کی جانب سے گاڑیوں اور کنٹینرز روکے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ اسلام آباد اور پنجاب پولیس کی جانب سے ہماری ایک ہزار کے قریب گاڑیوں اور کنٹینرز کو روکنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ پکڑے گئے کنٹینرز میں ادویات اور اشیائے خورونوش موجود ہیں، جن کے خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔
انہوں نے وفاقی اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تمام روکے گئے کنٹینرز اور گاڑیاں رہا کی جائیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے گاڑیوں اور کنٹینرز روکے جانے کا نوٹس لے کر انہیں رہا کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، تاہم ان احکامات کے باوجود گاڑیاں اور کنٹینرز رہا نہیں کیے جا رہے۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے خبردار کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے قیمتی مال اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری وفاقی اور پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حکومت سیاسی احتجاج کو روکنے کے لیے متبادل انتظامات کرے، گاڑیوں اور ملکی معیشت کو یرغمال نہ بنایا جائے۔ گڈز ٹرانسپورٹ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اسے سیاسی معاملات میں استعمال کرنا معاشی نقصان کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری گاڑیاں اور کنٹینرز راستے بند کرنے کے لیے نہیں بلکہ ملکی معیشت اور عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہیں۔ عوام کی ضرورت کی اشیا روک کر حکومت عوام کو مزید مشکلات میں نہ ڈالے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک رابطہ
ملک شہزاد اعوان کے مطابق ہزاروں گاڑیوں کو یرغمال بنا کر ملکی ترسیلی نظام متاثر کیا جا رہا ہے، ٹرانسپورٹرز کو معاشی نقصان پہنچانے کی پالیسی کسی صورت قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پکڑی گئی گاڑیوں کو رہا نہ کیا گیا تو بہت جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے، ٹرانسپورٹرز کے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔












