کراچی ( پاک ترک نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 17 روز میں ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے جبکہ پٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابلِ قبول ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرول 5 روپے 58 پیسے مہنگا،ڈیزل کی قیمت 4روپے18پیسے فی لٹر بڑھ گئی
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی گئی تھی۔ چند مطالبات تسلیم کیے گئے اور ان پر عمل درآمد بھی جاری ہے، تاہم بیشتر مطالبات تاحال التوا کا شکار ہیں۔صدر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔












