اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے اہم شاہراہوں اور داخلی راستوں پر سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق داخلی راستوں پر خندقیں کھودنے، مورچے بنانے اور اہم شاہراہوں پر رکھے گئے کنٹینرز میں مٹی سے بھری بوریاں رکھنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ زون کے داخلی راستوں پر مٹی کی بوریوں سے مورچے بنائے جائیں گے، جبکہ آمدورفت روکنے کے لیے سڑکیں کھود کر خندقیں بھی بنائی جائیں گی۔
خندقیں کھودنے کے لیے مشینری اور مزدور جمع کرنے کی ہدایات راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس افسران کو جاری کردی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کنٹینرز اور سڑکوں پر رکھنے کے لیے دو لاکھ مٹی کی بوریاں بھرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے درجنوں مزدور صبح سے شام تک کام کر رہے ہیں۔
26 نمبر چونگی، پیرودھائی، آئی جے روڈ اور خیبر پختونخوا سے اسلام آباد آنے والی اہم شاہراہوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کرنے اور خندقیں کھودنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔












