ریاض (پاک ترک نیوز )سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجا گیا ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق ڈرون کو مکہ مکرمہ کے اوپر روک کر تباہ کیا گیا۔ اس سے قبل نجران کی جانب داغے گئے دو میزائل بھی مار گرائے گئے تھے۔
ترجمان کے مطابق میزائلوں کے ملبے سے ہونے والے ممکنہ نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر شہریوں اور رہائشیوں کو محتاط رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
محکمہ شہری دفاع نے ہدایت کی ہے کہ خطرے کی صورت میں شہری فوری طور پر قریبی محفوظ عمارت یا اندرونی کمرے میں پناہ لیں اور کھڑکیوں، شیشوں، بالکونیوں اور چھتوں سے دور رہیں۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ ڈرائیونگ کے دوران ہنگامی انتباہ موصول ہونے پر گاڑی محفوظ طریقے سے سڑک کنارے روکنے اور پلوں یا بلند عمارتوں کے قریب رکنے سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔
محکمہ شہری دفاع نے خبردار کیا ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائیوں، ان کے ملبے یا گرنے کے مقامات کی تصاویر اور ویڈیوز بنانا یا سوشل میڈیا پر شیئر کرنا قانونی کارروائی کا باعث بن سکتا ہے۔











