کراچی (پاک ترک نیوز )کراچی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم جماعت الاحرار نے پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر حملہ کر دیا ، سکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک اور ایک افغان دہشتگرد گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ جماعت الاحرار کے خوارج نے کراچی میں رینجرز کیمپ کےمرکزی گیٹ پردھماکے کے بعد اندر داخل ہونےکی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیے، کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک اور ایک زخمی افغان دہشتگرد گرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان رینجرز کے تین جوان بھی شہید اور 4 زخمی ہوئے، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے،عزم استحکام وژن کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔فیلڈ مارشل کا کہنا ہے کہ قوم کی حفاظت کے لیے یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں، پاکستان اپنےجوانوں کی شہادت کا بدلہ لینے کےلیے حملےکے ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کرے گا۔












