لاہور( پاک ترک نیوز ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے دیہات کی ترقی کے لیے ’’اپنا گاؤں پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت دیہی علاقوں میں پکی گلیاں، نکاسی آب کا نظام، گندے پانی کے اخراج کے لیے جوہڑ اور سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی۔پروگرام کے تحت ہر گاؤں کی ترقی کے فیصلے وہاں کے مکین خود کریں گے، جبکہ ترقیاتی منصوبے کوآپریٹو سوسائٹی ماڈل کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے۔
پہلے مرحلے میں 485 دیہات میں ترقیاتی کاموں کے لیے کوآپریٹو سوسائٹیز قائم کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 1500 دیہات میں یہ سوسائٹیز تشکیل دی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پروگرام کے آغاز کے لیے 44 دن کی ڈیڈ لائن مقرر کردی ہے۔پروگرام کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی قائم ہوگی، جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ہر کوآپریٹو سوسائٹی کی پانچ رکنی مینجمنٹ کمیٹی بنائی جائے گی، جس میں صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، خزانچی اور ایک ایگزیکٹو ممبر شامل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: واشنگٹن میں ڈرٹی بم حملے کے خدشے کے پیش نظر ہنگامی اقدامات
اس منصوبے کے تحت پنجاب میں 29 سال بعد کوآپریٹو سوسائٹیز پر عائد جزوی پابندی اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ وہ ہر گاؤں کی ترقی کی ذمہ داری وہاں کے لوگوں کو دینا چاہتی ہیں تاکہ دیہات کے مکین کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے اپنے ترقیاتی منصوبوں کا خود فیصلہ کرسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کوآپریٹو سوسائٹی کے نظام کے ذریعے دیہی ترقی کے عمل کو پائیدار اور مؤثر بنانا چاہتی ہے۔












