کراچی( پاک ترک نیوز ) گڈاپ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سرکاری آئل لائن سے کروڈ آئل چوری کرنے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا، کارروائی کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق پیٹرولنگ کے دوران ایک مشکوک ٹرک کو روک کر تلاشی لی گئی تو اس میں بنائے گئے خفیہ خانے سے کروڈ آئل برآمد ہوا۔ گرفتار ڈرائیور زرد علی نے دوران تفتیش آئل لائن میں کلپ لگانے کا انکشاف کیا۔ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے چھاپہ مار کر عبدالشکور، ممتاز اور ظفر اقبال سمیت دیگر ملزمان کو تیل چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: روس کا اسٹارلنک کے مقابلے میں اپنا سیٹلائٹ نیٹ ورک بنانے کا منصوبہ
پولیس کے مطابق ملزمان نے سرکاری آئل لائن تک رسائی حاصل کرنے کے لیے انتہائی مہارت سے تقریباً 200 فٹ طویل سرنگ بنا رکھی تھی۔ کارروائی کے دوران ایک آئل ٹینکر اور ایک ٹرک بھی قبضے میں لے لیا گیا۔گرفتار ملزمان کے خلاف پارکو افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ تفتیش جاری ہے۔ پولیس اس بات کا پتا لگا رہی ہے کہ چوری شدہ کروڈ آئل کہاں اور کس نیٹ ورک کے ذریعے سپلائی کیا جاتا تھا۔












