نیویارک (پاک ترک نیوز )امریکی ٹیکنالوجی کمپنی انٹیل کے خلاف حصص یافتگان نے دھوکا دہی کا مقدمہ دائر کر دیا۔ سرمایہ کاروں کا الزام ہے کہ کمپنی نے ذاتی کمپیوٹرز کی فروخت میں طویل عرصے سے جاری کمی اور اضافی ذخیرے کے اثرات سے متعلق اہم معلومات بروقت ظاہر نہیں کیں، جس کے باعث کمپنی کے حصص کی قیمت ایک ہی روز میں تقریباً 29 فیصد گر گئی۔مقدمے میں 23 جولائی سے 29 اکتوبر 2026 کے دوران انٹیل کے حصص خریدنے والے سرمایہ کاروں کے لیے ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، تاہم نقصان کی مخصوص رقم بیان نہیں کی گئی۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو لیپ بو ٹین اور چیف فنانشل آفیسر ڈیوڈ زنسر کو بھی مقدمے میں فریق بنایا گیا ہے۔
کیلیفورنیا کی وفاقی عدالت میں دائر کیے گئے مجوزہ اجتماعی مقدمے میں مشی گن کے ایک پنشن فنڈ سمیت حصص یافتگان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انٹیل انتظامیہ نے کمپیوٹرز کی فروخت میں کمی اور گوداموں میں اضافی ذخیرے کے باعث آمدنی پر پڑنے والے ممکنہ اثرات سے سرمایہ کاروں کو بروقت آگاہ نہیں کیا۔درخواست گزاروں کے مطابق کمپنی کو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری اور ڈیٹا مراکز کی تعمیر سے ہونے والے فوائد کے مقابلے میں ذاتی کمپیوٹرز کی کم فروخت اور اضافی ذخیرے کے مسائل زیادہ نقصان پہنچا رہے تھے۔حصص یافتگان نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ کمپنی نے اگست کے وسط میں تقریباً 23 ارب ڈالر مالیت کے حصص 95 ڈالر فی حصص کے حساب سے فروخت کیے، حالانکہ اس وقت کمپنی کی تیسری سہ ماہی کی کاروباری صورتحال پہلے ہی خراب تھی۔انٹیل نے حصص کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم اپنے چِپ سازی کے معاہداتی کاروبار کو وسعت دینے کے لیے استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، جو کمپنی کے سربراہ لیپ بو ٹین کی کاروباری حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز، دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز دوحہ روانہ
رپورٹ کے مطابق 30 اکتوبر کو انٹیل کے حصص کی قیمت میں 28.6 فیصد کمی ہوئی، جس سے کمپنی کی مجموعی مارکیٹ مالیت میں تقریباً 140 ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔ اس سے ایک روز قبل کمپنی نے چوتھی سہ ماہی کے لیے توقعات سے کم آمدنی اور منافع کی پیش گوئی کی تھی اور کمپیوٹرز کی فروخت میں طویل سست روی کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔انٹیل کے چیف ایگزیکٹو لیپ بو ٹین نے تجزیہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمپنی کو چِپس کی تیاری کے لیے درکار سامان کی قلت، یادداشت محفوظ کرنے والی چِپس کے غیر معمولی بحران اور ذاتی کمپیوٹرز کی کمزور طلب جیسے مسائل کا سامنا ہے۔












