اسلام آباد(پاک ترک نیوز )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ علاقائی اقتصادی ایجنڈے کی کامیابی کے لیے امن، استحکام اور باہمی اعتماد ناگزیر ہیں، اقتصادی تعاون مشترکہ مفادات کو فروغ دیتا ہے جبکہ عدم تحفظ ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ امن اور ترقی ایک دوسرے کو تقویت دیتے ہیں۔ پاکستان خطے میں جاری تنازعات اور عدم استحکام پر گہری تشویش رکھتا ہے، کیونکہ ان کے اثرات قومی سرحدوں تک محدود نہیں رہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدم استحکام کے باعث تجارتی راستے، توانائی کی فراہمی، سرمایہ کاری اور عوام کے اقتصادی منصوبے متاثر ہوتے ہیں۔ پاکستان عالمی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کا حامی ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دفتر خارجہ برادر ممالک اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے ہیں۔ پاکستان مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور پائیدار علاقائی استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
افغانستان سے متعلق پاکستان کے مؤقف کا ذکر کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، جو اقتصادی تعاون تنظیم کے علاقائی ڈھانچے میں مؤثر طور پر شامل ہو اور اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن سے رہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کا فائدہ صرف افغان عوام کو نہیں بلکہ پورے خطے کو پہنچے گا۔ ایک مستحکم افغانستان تجارت، راہداریوں اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ بامعنی پیش رفت کے لیے افغان حکام کو پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات، خصوصاً دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنا ہوگا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پائیدار علاقائی اقتصادی شراکت داریوں کے لیے محفوظ ماحول ضروری ہے۔ علاقائی رابطوں کا انحصار صرف سڑکوں اور تجارتی راستوں پر نہیں بلکہ ریاستوں کے درمیان اعتماد پر بھی ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی معاہدوں اور وعدوں کی پاسداری علاقائی روابط کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ غیر حل شدہ تنازعات اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی عدم تکمیل باہمی اعتماد اور اقتصادی ترقی دونوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز، دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز دوحہ روانہ
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کو ایک اہم علاقائی پلیٹ فارم سمجھتا ہے اور پائیدار اقتصادی شراکت داریوں کے لیے پرامن مذاکرات، عالمی قوانین اور معاہدوں کے احترام کو ضروری قرار دیتا ہے۔












