لاہور (پاک ترک نیوز )دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز کی ٹیم اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں شرکت کے لیے کراچی سے قطر کے دارالحکومت دوحہ روانہ ہوگئی۔
پچاس اوورز پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 19 سے 29 نومبر تک قطر میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان شاہینز کی قیادت عبدالصمد کریں گے۔
پاکستان شاہینز ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ 20 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی، جبکہ 22 نومبر کو روایتی حریف بھارت اے اور 24 نومبر کو نیپال سے مقابلہ ہوگا۔
علی رضا اور فرحان یوسف انڈر 19 ایشیا کپ میں شرکت کے بعد دوحہ میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
روانگی سے قبل کپتان عبدالصمد نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم کی تیاریاں اچھی رہی ہیں۔ پریکٹس سیشنز کے دوران مختلف میچوں کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تیاری کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر راج اور ایمرجنسی سے متعلق مقدمات پر پشاور ہائی کورٹ میں سماعت نہیں ہوگی، بیرسٹر گوہر
ان کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ ہر کھلاڑی اپنی ذمہ داری سے آگاہ ہے اور ٹیم اپنے طے شدہ منصوبوں پر عمل درآمد کے ذریعے اچھے نتائج حاصل کرنے کے لیے پُرامید ہے۔






