اسلام آباد (پاک ترک نیوز )اسلام آباد میں ایکسپریس وے کے اطراف غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 124 تعمیرات مسمار اور 58 عمارتیں سیل کردی گئیں۔کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مطابق کارروائی سوہان سے کھنہ پل تک اسلام آباد ایکسپریس وے کی سروس روڈ ایسٹ کے اطراف کی گئی، جہاں سڑک کی توسیع کا منصوبہ بھی جاری ہے۔سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ فیض آباد سے گلبرگ تک تقریباً 9 اعشاریہ 3 کلومیٹر طویل منصوبے پر 28 فیصد سے زائد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔منصوبے کے تحت سڑک کو دو رویہ بنایا جارہا ہے، جس کے دونوں اطراف تین تین لین تعمیر کی جائیں گی، تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے ساتھ ملحقہ رہائشی علاقوں تک رسائی آسان ہوسکے۔
اتھارٹی کے مطابق منصوبے کے مختلف حصوں میں کھدائی، زمین کی نچلی تہوں کی تیاری اور تعمیراتی کام جاری ہے، جبکہ اہم انڈر پاس کے تمام 153 پائلز کی تعمیر بھی مکمل کرلی گئی ہے۔پلوں کے لیے حفاظتی ڈھانچوں اور نکاسی آب کے نظام پر بھی کام جاری ہے۔سی ڈی اے کے ترجمان کے مطابق کارروائی کا مقصد غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات، غیر مجاز تجارتی سرگرمیوں اور عمارتوں کے ضوابط کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اے آئی بے قابو،حفاظتی جال توڈ دیا ،خطرے کی گھنٹی بج گئی
چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تعمیراتی قوانین، زمین کے استعمال کے ضوابط اور آگ سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات پر یکساں عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔












