واشنگٹن(پاک ترک نیوز)امریکی کمپنی ٹیسلا نے اپنی مستقبل کی منفرد الیکٹرک پک اَپ گاڑی سائبر ٹرک کی پیداوار ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، کمپنی کے سربراہ ایلون مسک کے مطابق ٹیکساس فیکٹری میں سائبر ٹرک کی تیاری 2027 کے وسط تک بند کردی جائے گی۔
ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ سائبر ٹرک کی پیداوار روک کر فیکٹری میں جگہ بنائی جائے گی تاکہ بغیر ڈرائیور چلنے والی روبوٹیکسی سائبرکَیب کی تیاری بڑھائی جاسکے۔
سائبر ٹرک کے چیف انجینئر ویس موریل نے بھی کہا ہے کہ یہ گاڑی ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوئی اور اس کی ٹیکنالوجی سائبرکَیب میں بھی استعمال ہوگی۔
ایلون مسک نے واضح نہیں کیا کہ سائبر ٹرک کی پیداوار کسی دوسری جگہ جاری رہے گی یا اسے مکمل طور پر بند کردیا جائے گا، جبکہ پہلے سے موصول ہونے والے آرڈرز کے مستقبل پر بھی کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔
سائبر ٹرک کو نومبر 2019 میں متعارف کرایا گیا تھا اور ابتدائی دنوں میں ڈھائی لاکھ سے زائد پری آرڈرز کا دعویٰ کیا گیا، تاہم پیداوار میں تاخیر کے بعد صارفین کو گاڑیوں کی فراہمی 2023 کے آخر میں شروع ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: اے آئی بے قابو،حفاظتی جال توڈ دیا ،خطرے کی گھنٹی بج گئی
ٹیسلا کی ٹیکساس فیکٹری میں سالانہ ڈھائی لاکھ سائبر ٹرکس تیار کرنے کی گنجائش رکھی گئی تھی، لیکن فروخت توقعات سے کم رہی۔ گاڑی کو معیارِ تعمیر سے متعلق شکایات اور متعدد بار واپس منگوانے جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب سائبرکَیب دو نشستوں پر مشتمل ایسی گاڑی ہے جس میں اسٹیئرنگ وہیل اور پیڈلز موجود نہیں۔ ٹیسلا اسے اپنی مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس پر مبنی مستقبل کی حکمتِ عملی کا اہم حصہ قرار دے رہی ہے۔







