لکی مروت(پاک ترک نیوز ) محکمہ انسدادِ دہشت گردی اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کے دوران کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ دہشت گرد زاہد گل کو ہلاک کر دیا۔
محکمہ انسدادِ دہشت گردی خیبرپختونخوا کے مطابق لکی مروت کے قبائلی علاقے ایف آر میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران دہشت گرد کمانڈر زاہد گل مارا گیا، جس کا تعلق گل بہادر گروپ سے بتایا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد کوہاٹ پولیس لائنز پر ہونے والے خودکش حملے کا مرکزی منصوبہ ساز تھا اور اس نے حملے میں استعمال ہونے والی بارود سے بھری گاڑی کی خود رہنمائی بھی کی تھی۔
محکمہ انسدادِ دہشت گردی کے مطابق زاہد گل دہشت گردی کے متعدد سنگین واقعات میں سیکیورٹی اداروں کو مطلوب تھا۔ وہ بلی تنگ میں بینک ڈکیتی کے دوران بھی موقع پر موجود تھا، جہاں سے ساٹھ لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی رقم بکاخیل اور جانی خیل میں دہشت گردوں کے مختلف گروہوں میں تقسیم کی گئی تھی۔
حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد گل بہادر گروپ سے قریبی رابطے میں تھا اور کوہاٹ میں متعدد خودکش حملہ آوروں کی ترسیل میں بھی ملوث رہا۔ دو ماہ قبل وہ نئی کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کے لیے بھی خودکش حملہ آور لایا تھا، تاہم یہ کوشش ناکام بنا دی گئی تھی۔
محکمہ انسدادِ دہشت گردی کے مطابق زاہد گل کے آئندہ اہداف میں کوہاٹ میں پاک فضائیہ کا مرکز اور پولیس تربیتی اسکول شامل تھے۔ دہشت گردوں کے اس گروہ کے دیگر کارندے پہلے ہی سیکیورٹی اداروں کی حراست میں ہیں۔












