واشنگٹن (پاک ترک نیوز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کو ممکنہ فوجی کارروائی سے بچنے کی اہم شرط قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر معاہدے کی جانب پیش رفت جاری رہی تو ایران پر دوبارہ حملے کا امکان انتہائی کم ہوگا، تاہم مضبوط معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں فوجی آپشن موجود ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کو ٹیلی فونک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران بھی معاہدہ کرنے کے لیے بے تاب ہے جبکہ واشنگٹن مذاکرات کے ذریعے جنگ ختم کرنا چاہتا ہے۔
تقریباً 20 منٹ کے انٹرویو کے دوران امریکی صدر نے پانچ مرتبہ اس بات پر زور دیا کہ حالات بہتر رہے تو ایران پر نئے حملوں کا امکان بہت کم ہوگا۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ ضرورت پڑنے پر فوجی کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق امریکی حملوں میں ایران کو پہلے ہی شدید نقصان پہنچ چکا ہے اور اس کی معاشی و عسکری صورتحال کمزور ہوچکی ہے۔
امریکی صدر نے ایران کو ناکام ہوتی ہوئی ریاست قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہاں مہنگائی کی شرح 301 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی فوج خطے میں کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے تیار ہے اور تین امریکی طیارہ بردار بحری جہاز مکمل طور پر ہتھیاروں سے لیس ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نے ایران کے 38 پلوں کی نشاندہی کر رکھی ہے جنہیں ایک گھنٹے کے اندر تباہ کیا جاسکتا ہے، تاہم وہ ایسا نہیں کرنا چاہتے کیونکہ ان پلوں کی دوبارہ تعمیر میں تقریباً 10 سال لگ سکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق پلوں کی تعمیر انتہائی مشکل کاموں میں سے ایک ہے اور وہ انہیں تباہ کرنے کے بجائے مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنگ دوبارہ شروع ہوئی تو ایران بھرپور جوابی کارروائی کرے گا، عباس عراقچی کی امریکا کو وارننگ
امریکی صدر نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ ہونے والے کسی بھی معاہدے کی مضبوطی ہی فیصلہ کرے گی کہ خطے میں کشیدگی کم ہوتی ہے یا دوبارہ فوجی کارروائی کی نوبت آتی ہے۔












