ہالی ووڈ (پاک ترک نیوز)نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی سنسنی خیز فلم ’ڈونٹ ٹرسٹ دی کپل اپ اسٹیرز‘ نے صرف دو روز میں مقبولیت حاصل کرلی اور امریکی فلموں کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی۔
2026 میں بننے والی یہ فلم 29 اکتوبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی، جبکہ 31 اکتوبر تک یہ امریکا میں نیٹ فلکس کی مقبول ترین فلم بن چکی تھی۔فلم میں الیکس مچل نے ماریا جبکہ روب لاکولا جونیئر نے اس کے شوہر جو کا کردار ادا کیا ہے۔ کہانی ایک نئی شادی شدہ جوڑی کے گرد گھومتی ہے جو اپنے گھر کا ایک حصہ وکی اور کلے نامی جوڑے کو کرائے پر دے دیتی ہے۔
ابتدا میں وکی اور کلے دوستانہ دکھائی دیتے ہیں، تاہم جلد ہی ان کے رویے اور حالات پراسرار رخ اختیار کرلیتے ہیں۔ کہانی اس وقت نیا موڑ لیتی ہے جب وکی قتل ہوجاتی ہے۔اس واقعے کے بعد ماریا ایسے رازوں سے پردہ اٹھانا شروع کرتی ہے جو اسے اپنے شوہر کے بارے میں بھی شکوک و شبہات میں مبتلا کردیتے ہیں۔ فلم میں یہ سوال مرکزی حیثیت رکھتا ہے کہ آیا ماریا واقعی اس شخص کو جانتی ہے جس سے اس نے شادی کی ہے۔
نیٹ فلکس نے اس فلم کو پراسرار سنسنی خیز فلم اور ڈرامے کے طور پر پیش کیا ہے۔ دیگر اداکاروں میں ٹیس کلائن، برینا اسکالسکی، تھامس کنگ، ڈینس کلبرِتھ اور اینا تالکّوٹور شامل ہیں۔
’ڈونٹ ٹرسٹ دی کپل اپ اسٹیرز‘ دراصل رواں سال 3 اپریل کو امریکی ٹی وی چینل لائف ٹائم پر ریلیز ہوئی تھی، بعد ازاں اسے نیٹ فلکس پر پیش کیا گیا۔ فلم کا دورانیہ تقریباً 90 منٹ ہے۔
فلم کی کہانی میں بظاہر خوشگوار ازدواجی زندگی، پراسرار مہمانوں، مشکوک قتل اور پوشیدہ رازوں کو سنسنی خیز انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
فلموں کی مقبولیت پر نظر رکھنے والے ادارے فلکس پیٹرول کے مطابق 31 اکتوبر کو یہ فلم نیٹ فلکس کی امریکی مقبول ترین دس فلموں کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود تھی۔












