انقرہ ( پاک ترک نیوز) ترکیہ کے مشہور سیاحتی علاقے کاپاڈوشیا میں آتش فشانی چٹانوں سے بنی ایک بڑی قدرتی ساخت اچانک ٹوٹ کر گر گئی، افسوسناک حادثے میں کم از کم 3 افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ وسطی ترکیہ کے سیاحتی قصبے گوریمے میں پیش آیا، جہاں چٹانوں سے بنی منفرد قدرتی ساخت، جسے پری چمنی کہا جاتا ہے، اچانک ٹوٹ کر نیچے آگری۔حادثہ سیاحتی مقام کے داخلی راستے کے قریب پارکنگ ایریا میں پیش آیا۔ چٹان کے بڑے حصے گرنے سے وہاں موجود افراد اس کی زد میں آگئے، جس کے نتیجے میں تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، طبی عملہ اور متعلقہ اداروں کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ امدادی کارکنوں نے ملبہ ہٹانے اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے کارروائیاں شروع کردیں، جبکہ ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔گورنر حسین کوک نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو ترک شہری شامل ہیں، جبکہ تیسرے جاں بحق شخص کی شناخت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ ان کے مطابق علاقے میں حالیہ شدید بارشیں چٹان گرنے کی ممکنہ وجہ ہوسکتی ہیں، تاہم حادثے کی حتمی وجہ تحقیقات کے بعد ہی سامنے آسکے گی۔
یہ بھی پڑھیں:ڈیزل مزید مہنگا ، فی لٹر قیمت 400 روپے 67پیسے، پٹرول کی قیمت برقرار
دوسری جانب ترک وزیر انصاف آکن گورلیک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ متعلقہ حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ قدرتی چٹانی ساخت اچانک کیوں گری اور کیا اس مقام پر سیاحوں کی حفاظت کے لیے مناسب انتظامات موجود تھے۔واضح رہے کہ کاپاڈوشیا وسطی ترکیہ کا انتہائی معروف سیاحتی علاقہ ہے، جو اپنی منفرد آتش فشانی چٹانوں، غاروں، زیر زمین قدیم شہروں اور گرم ہوا کے غباروں کی سیاحت کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے۔












