پشاور(پاک ترک نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ سیاہ کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستانی عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
پشاور میں کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستانی امن پسند قوم ہیں اور چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر مذاکرات کے ذریعے حل ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آرمی چیف کا کردار سب کے سامنے ہے، پاکستان نے ایران کے معاملے کو کیسے حل کیا، یہ بھی سب نے دیکھا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ بھارت کو اپنی فوج اور ہتھیاروں پر بہت غرور تھا، لیکن پاکستان نے 72 گھنٹوں میں اسے جواب دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا دکھ اور درد پاکستانیوں کا دکھ اور درد ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: صاحبزادہ فرحان نے قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کر لی
فیصل کریم کنڈی نے امید ظاہر کی کہ ان شاء اللہ وہ دن جلد آئے گا جب کشمیری اور پاکستانی اکٹھے ہوں گے اور آزاد فضا میں سانس لیں گے۔












