اسلام آباد(پاک ترک نیوز) قومی اسمبلی نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں قرارداد منظور کر لی، جس میں کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی سے بھرپور یکجہتی کا اظہار اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
قرارداد میں 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی جارحیت کا سیاہ دن قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دینا ناگزیر ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق نکالا جانا چاہیے۔
قومی اسمبلی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں پاکستانی طلبہ سمیت ہرغیرملکی طالب علم کو یونیورسٹیوں کو 1200 ڈالرسالانہ لیوی ادا کرنا ہوگی
قرارداد میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ایوان نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل پر زور دیتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔












