کینبرا ( پاک ترک نیوز) آسٹریلیا میں پہلی بار ایک ماہ کے دوران پٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کے مقابلے میں برقی گاڑیوں کی فروخت زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ اگست میں 27 ہزار 78 برقی گاڑیاں فروخت ہوئیں، جو نئی گاڑیوں کی مجموعی فروخت کا 24 اعشاریہ 9 فیصد بنتی ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق اگست میں پٹرول گاڑیوں کی فروخت 25 ہزار 824 جبکہ ڈیزل گاڑیوں کی فروخت 23 ہزار 608 رہی۔
برقی گاڑیوں کی فروخت گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 171 فیصد بڑھ گئی۔ برقی، ہائبرڈ اور پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں کو ملا کر ماحول دوست گاڑیوں کا مارکیٹ میں حصہ 51 اعشاریہ 8 فیصد ہوگیا۔ یوں پہلی مرتبہ آسٹریلیا میں صرف پٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیاں مجموعی فروخت میں اقلیت بن گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں 70 برقی گاڑیوں کے تیز رفتار چارجنگ مراکز قائم کرنے کا منصوبہ
اگست میں آسٹریلیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی آٹھ برقی گاڑیوں میں سے سات چینی کمپنیوں کی تھیں، جن میں بی وائی ڈی، جیلی، زیگرا اور چیری کی گاڑیاں شامل ہیں۔چین میں تیار ہونے والی بی وائی ڈی سی لائین 7 کی 2 ہزار 213 گاڑیاں فروخت ہوئیں اور یہ آسٹریلیا کی تمام اقسام کی گاڑیوں میں مجموعی طور پر چھٹے نمبر پر رہی۔جیلی ای ایکس 5 کی فروخت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 385 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی ٹیسلا ماڈل وائی رہی، جس کی 6 ہزار 414 گاڑیاں فروخت ہوئیں۔ اس کی فروخت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 176 فیصد اضافہ ہوا۔
ٹیسلا کی دوسری نمایاں گاڑی ماڈل تھری بھی مقبول رہی۔ تاہم آسٹریلیا میں فروخت ہونے والی ٹیسلا کی تمام دائیں جانب اسٹیئرنگ والی گاڑیاں چین کے شہر شنگھائی میں تیار ہوتی ہیں۔
چینی گاڑیوں نے آسٹریلوی منڈی میں جگہ بنا لی
گاڑیوں کی مجموعی فروخت میں ٹویوٹا 19 ہزار 712 گاڑیوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی، تاہم اس کی فروخت میں 5 اعشاریہ 2 فیصد کمی ہوئی۔












