کینبرا ( پاک ترک نیوز) سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم میں عدالت نے سزا سنا دی۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق عدالت نے ڈیوڈ وارنر پر 1500 آسٹریلوی ڈالرز جرمانہ عائد کیا ہے، جبکہ انہیں گاڑی چلانے کے لیے انٹرلاک ڈیوائس استعمال کرنے کا بھی پابند کیا گیا ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے گزشتہ ماہ شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم کا اعتراف کیا تھا، جس کے بعد عدالت نے اب انہیں سزا سنائی ہے۔
کیس کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ ڈیوڈ وارنر پاکستان سپر لیگ کے دوران چھٹیوں کے لیے سڈنی گئے تھے، جہاں ان کا رینڈم بریتھ ٹیسٹ کیا گیا۔ ٹیسٹ کے وقت وہ شراب کے زیرِ اثر گاڑی چلا رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ کے مقام پر پہنچنے سے قبل ڈیوڈ وارنر نے گاڑی میں موجود اپنے ساتھی کے ساتھ سیٹ بھی تبدیل کی تھی۔
ڈیوڈ وارنر کے وکیل اویس احمد نے عدالت سے استدعا کی کہ کرکٹر کو باقاعدہ طور پر سزا یافتہ قرار نہ دیا جائے۔ وکیل کا مؤقف تھا کہ وارنر کی غلطی کو دنیا بھر کے میڈیا نے نمایاں طور پر رپورٹ کیا، جس سے ان کے مالی معاہدے بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
تاہم عدالت نے قرار دیا کہ شراب پی کر گاڑی چلانے کی حوصلہ شکنی کے لیے واضح پیغام دینا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے عوام پر ایک اور پٹرول بم گرا دیا، پٹرول 5 روپے 77 پیسے مہنگا
عدالت کے فیصلے کے مطابق ڈیوڈ وارنر انٹرلاک ڈیوائس کا لائسنس حاصل کرنے اور گاڑی میں یہ ڈیوائس نصب کروانے کے بعد ہی گاڑی چلا سکیں گے۔
انٹرلاک ڈیوائس الکوحل کی موجودگی کا پتہ لگانے کے بعد گاڑی کو اسٹارٹ ہونے سے روک دیتی ہے۔












