کراکس ( پاک ترک نیوز) وینزویلا میں قیامت خیز زلزلے نے تباہی مچا دی۔ دارالحکومت کراکس دو انتہائی طاقتور زلزلوں سے لرز اٹھا، جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں، ہزاروں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جبکہ حکام نے بڑے پیمانے پر ہنگامی اقدامات شروع کر دیئے۔
چند سیکنڈ کے وقفے سے 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلوں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ بلند و بالا عمارتیں ہل کر رہ گئیں جبکہ متعدد عمارتوں کے زمین بوس ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 4 منٹ پر آنے والے زلزلوں کا مرکز کراکس کے مغرب میں واقع علاقہ بتایا جا رہا ہے۔ زلزلے کے جھٹکے صرف دارالحکومت تک محدود نہیں رہے بلکہ پورے وینزویلا میں محسوس کیے گئے جبکہ پڑوسی ملک کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں بھی زمین لرز اٹھی۔
خوف و ہراس کے عالم میں ہزاروں شہری اپنے گھروں، دفاتر اور شاپنگ سینٹرز سے نکل کر کھلے مقامات کی جانب دوڑ پڑے۔ ریسکیو اداروں کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمارت میں لگی آگ سے خود کو کیسے محفوظ رکھیں؟
اداروں کی ابتدائی رپورٹوں کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں نمایاں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تخمینوں کے مطابق اموات 10 ہزار سے تجاوز کرنے کے امکانات بھی موجود ہیں، جس کے باعث صورتحال انتہائی تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔
زلزلے کے باعث وینزویلا کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے مائیکیٹیا ایئرپورٹ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ حکومتی عہدیدار روڈریگیز کے مطابق حفاظتی خدشات کے پیش نظر ایئرپورٹ کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زلزلے کے دوران مسافر اور عملہ خوف کے عالم میں ٹرمینل عمارتوں سے باہر نکل رہے ہیں جبکہ چھتوں سے گرد و غبار کے بڑے بادل گرتے دکھائی دیتے ہیں۔
حکام کے مطابق ایئرپورٹ کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ جاری ہے اور مکمل حفاظتی کلیئرنس تک پروازوں کی آمدورفت معطل رہے گی۔










