پشاور(پاک ترک نیوز ) پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے شدید گرمی، گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور متوقع بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر صوبے کے مختلف اضلاع میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ شدید گرمی اور بارشوں کے باعث شمالی علاقوں میں موجود گلیشیئرز اور برفانی ذخائر تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس کے نتیجے میں دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی ریلوں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ان موسمی حالات کے باعث گلیشیائی جھیل پھٹنے کے واقعات، فلیش فلڈز اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سوات، چترال، دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی برفانی وادیوں میں مٹی اور پتھروں کے بڑے تودے گرنے، رابطہ سڑکوں کی بندش اور نشیبی علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادارے نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ خطرناک علاقوں میں رہائش پذیر آبادی کو بروقت وارننگ دی جائے، انخلائی مشقیں کی جائیں اور محفوظ مقامات پر خوراک، ادویات اور دیگر ضروری سامان کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
پی ڈی ایم اے نے کمیونٹی الرٹ سسٹم کو فعال رکھنے، مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیوں کے ساتھ رابطہ مضبوط بنانے اور عوامی آگاہی مہم تیز کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ گرمی کی شدید لہر کے دوران دریاؤں، ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور تیز بہاؤ والے علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب اور حساس علاقوں میں انتہائی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122، سی اینڈ ڈبلیو، این ایچ اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے، مشینری اور عملے کی پیشگی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے جبکہ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1700 پر فوری اطلاع دے سکتے ہیں۔












