اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی پر صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد پیش کی ہے۔.
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں شفاف، پرامن اور سیاسی سرگرمیوں سے بھرپور انتخابات کے انعقاد پر وہاں کے عوام کو بھی مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے انتخابات میں اکثریتی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انتخابی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں اور پارٹی کارکنوں نے بھرپور محنت اور اچھا مقابلہ کیا۔ انہوں نے پارٹی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ تمام کارکنوں اور رہنماؤں کو شاباش دیتے ہیں۔
شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت اور علاقے کی ترقی کے لیے ان پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت پر گلگت بلتستان کے عوام خصوصی تحسین کے مستحق ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پرامن اور شفاف انتخابات جمہوریت کا حسن ہیں اور یہی عمل عوامی نمائندگی کے نظام کو مضبوط بناتا ہے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا، جو قابلِ ستائش ہے۔
وزیراعظم نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے اور پرامن انتخابات کے انعقاد میں ان کا کردار انتہائی اہم رہا۔
وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب نمائندے گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔











