تہران ( پاک ترک نیوز) ایران کے ساتھ کشیدگی کے دوران امریکی بحریہ کے جدید طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ سے متعلق نئی ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں جہاز کے اندر آگ سے ہونے والے نقصان کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاری کی گئی ویڈیو میں جہاز کے بعض اندرونی حصوں، رہائشی سہولیات اور دیگر تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد واقعے کی شدت اور اس کے اثرات کے حوالے سے نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکی بحریہ نے ابتدائی طور پر مؤقف اختیار کیا تھا کہ آگ پر فوری قابو پا لیا گیا تھا اور جہاز اپنی آپریشنل صلاحیت برقرار رکھے ہوئے ہے، تاہم نئی ویڈیو نے نقصان کی نوعیت کے بارے میں مزید سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
جہاز پر موجود عملے کے بعض ارکان کے مطابق آگ لگنے کے دوران صورتحال انتہائی تشویشناک تھی اور کئی گھنٹوں تک ہنگامی اقدامات جاری رہے تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔
میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ اگر نقصان وسیع پیمانے پر ثابت ہوا تو جہاز کی مکمل مرمت میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں، جس کے باعث امریکی بحری آپریشنز پر بھی اثرات مرتب ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی حملہ جنگ کے دوبارہ آغاز کا جواز بن سکتا ہے ،ڈونلڈ ٹرمپ
واضح رہے کہ مارچ میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد امریکی بحریہ نے بتایا تھا کہ آگ لگنے سے دو اہلکار زخمی ہوئے تھے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ جہاز کی بنیادی آپریشنل صلاحیت متاثر نہیں ہوئی تھی۔
ئی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد واقعے کی تفصیلات، نقصان کی حقیقی نوعیت اور ابتدائی سرکاری مؤقف کے حوالے سے بحث ایک بار پھر تیز ہو گئی ہے۔












