بیجنگ (پاک ترک نیوز)چین کی تیسری نسل کی جوہری آبدوز کے اسٹریٹجک میزائل تجربے سے متعلق عالمی سطح پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ چینی سرکاری میڈیا نے پہلی بار انکشاف کیا کہ جدید جوہری آبدوز ’لانگ مارچ‘ نے زیرِ آب سے اسٹریٹجک میزائل داغنے کا کامیاب تجربہ کیا۔
چینی وزارتِ دفاع کے ترجمان ژانگ شیاؤگانگ نے اس حوالے سے مخصوص تفصیلات سے لاعلمی ظاہر کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ چین کی جوہری آبدوزوں کی تیاری خود انحصاری اور آزادانہ جدت کے اصولوں پر آگے بڑھی ہے، جس سے قومی اسٹریٹجک سلامتی کے تحفظ میں مدد ملی ہے۔
اس انکشاف کے بعد دفاعی تجزیہ کاروں میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ یہ چین کی جدید ٹائپ 096 اسٹریٹجک جوہری آبدوز سے متعلق ہو سکتا ہے، تاہم چینی حکام نے آبدوز کی شناخت یا میزائل تجربے کی مزید تفصیلات کی تصدیق نہیں کی۔
دوسری جانب چین کے ایئر شو میں نئے جنگی طیاروں اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی کی نمائش بھی توجہ کا مرکز بننے کا امکان ہے۔ چینی وزارتِ دفاع کے مطابق ایئر شو چین عالمی سطح پر ملک کی دفاعی اور فضائی ترقی کو اجاگر کرنے کا اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گوجرانوالہ،ولیمے کے روز دلہن کا قتل کرنے والا مرکزی ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک
ادھر امریکی دفاعی ویب سائٹ ’دی وار زون‘ نے سیٹلائٹ تصاویر کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ چین کی ایک طیارہ ساز تنصیب کے قریب چار جدید کے جے 3000 فضائی نگرانی اور کنٹرول طیارے دیکھے گئے ہیں، جنہیں کے جے 20 بھی کہا جاتا ہے۔ ان طیاروں کی ممکنہ بڑے پیمانے پر تیاری سے متعلق قیاس آرائیاں بھی سامنے آئی ہیں، تاہم اس دعوے کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔












