اسلام آباد (پاک ترک نیوز )اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات کے لیے پنجاب حکومت نے وفاق کو مطلوبہ نفری دینے سے معذرت کرلی۔
ذرائع کے مطابق وفاق نے پنجاب حکومت سے 20 ہزار پولیس اہلکاروں کی نفری طلب کی تھی، جبکہ پنجاب حکومت نے ابتدائی طور پر 19 ہزار اہلکار دینے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔
تاہم صوبے میں سکیورٹی کی ضروریات کے باعث پنجاب حکومت نے 19 ہزار نفری دینے سے معذرت کرتے ہوئے وفاق کو ساڑھے 12 ہزار اہلکار فراہم کرنے پر حامی بھری ہے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی، اٹک اور مری میں سکیورٹی کی صورتحال کے باعث مزید نفری دینے سے معذرت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی جانب سے ساڑھے 12 ہزار اہلکار فراہم کرنے کی یقین دہانی کے باوجود یہ نفری بھی تاحال اسلام آباد نہیں پہنچ سکی۔
دوسری جانب سندھ سے تقریباً 2 ہزار پولیس اہلکار اور افسران اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جہاں احتجاج کے دوران سکیورٹی کے لیے انہیں تعینات کیا جائے گا۔












