اسلام آباد (پاک ترک نیوز )وفاقی حکومت نے سیاحت کے فروغ اور سفری سہولیات بہتر بنانے کے لیے گلگت بلتستان کی 464 کلومیٹر طویل 7 اہم سڑکیں وفاق کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے سیاحتی اقدام کے تحت ان سڑکوں کی تعمیر، کشادگی، بحالی اور دیکھ بھال کی ذمہ داری وفاقی حکومت اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو دینے کی تجویز ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے گلگت بلتستان حکومت کو خطے کی 7 اہم سڑکیں وفاق کے حوالے کرنے کی تجویز دی تھی، جسے گلگت بلتستان کابینہ نے منظور کرلیا ہے اور اس حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوچکے ہیں۔
وفاق کے حوالے کی جانے والی سڑکوں میں 54 کلومیٹر آستور، چلم چوکی روڈ، 31 کلومیٹر دیوسائی، اسکردو روڈ، 100 کلومیٹر اسکردو، خپلو روڈ، 17 کلومیٹر اسکردو تھورگو، شگر روڈ اور 36 کلومیٹر قراقرم شاہراہ، نلتر تا ست رنگی جھیل روڈ شامل ہیں۔
دیگر دو سڑکوں میں 121 کلومیٹر تھلیچی، آستور، رٹو، شونٹر روڈ اور 105 کلومیٹر گوریکوٹ، شغرتھنگ، اسکردو روڈ شامل ہیں، جن پر پہلے ہی تعمیراتی کام جاری ہے۔
حکام کے مطابق حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی، جس کے بعد نیشنل ہائی وے اتھارٹی ساتوں سڑکوں کی تعمیر، توسیع، بحالی اور طویل مدتی دیکھ بھال کی ذمہ داری سنبھال لے گی۔
اس منصوبے کے لیے فنڈز وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔ اس سے قبل ان سڑکوں کی دیکھ بھال، کشادگی اور بحالی کے اخراجات گلگت بلتستان حکومت برداشت کرتی تھی۔












