اسلام آباد (پاک ترک نیوز )پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کا لانگ مارچ ایک ہفتے کے لیے مؤخر کیے جانے کے بعد خیبر پختونخوا سے اسلام آباد آنے والے راستوں پر ٹریفک بحال ہونا شروع ہوگئی۔
اٹک کے خیر آباد کے مقام پر چار روز بعد جی ٹی روڈ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی، جبکہ پشاور اسلام آباد موٹر وے ایم ون سے رکاوٹیں ہٹانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
لانگ مارچ روکنے کے لیے موٹر وے پر ریت کی بوریاں، لوہے کی چادریں اور کنٹینرز رکھے گئے تھے۔ٹیکسلا میں پنجاب کے داخلی راستوں پر بھی آمدورفت معمول پر آگئی، تاہم میانوالی میں سی پیک روڈ تاحال بند ہے۔
دوسری جانب لانگ مارچ مؤخر ہونے کے باوجود اسلام آباد میں ریڈ زون کے اطراف کنٹینرز کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے۔












