اسلام آباد(پاک ترک نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان کی آنکھ کے علاج نے ایک بار پھر طبی توجہ حاصل کرلی، آخر ان کی آنکھ میں لگایا جانے والا انجیکشن کیا ہے؟ یہ کیسے کام کرتا ہے اور چند سیکنڈ میں لگنے والا یہ انجیکشن بینائی کو مزید خراب ہونے سے کیسے بچاتا ہے؟
پمز انتظامیہ کے مطابق عمران خان کو 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہرین امراض چشم نے طبی معائنے کے بعد ان کی آنکھ میں انٹرا وٹریئل اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن لگایا۔ اسپتال کے مطابق ان کی حالت مستحکم تھی اور انہیں رات ڈھائی بجے ڈسچارج کرکے واپس جیل منتقل کردیا گیا۔
بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور عمران خان کے وکلا کے مطابق ان کی دائیں آنکھ سینٹرل ریٹینل وین آکلوژن نامی بیماری سے متاثر ہے۔ یہ ایسی کیفیت ہے جس میں آنکھ کے پردۂ چشم کو خون فراہم کرنے والی مرکزی رگ میں رکاوٹ پیدا ہوجاتی ہے، جس سے خون اور سیال مادہ ریٹینا میں جمع ہونے لگتا ہے، سوجن پیدا ہوتی ہے اور بینائی شدید متاثر ہوسکتی ہے۔
لیکن اصل سوال یہ ہے کہ اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن کرتا کیا ہے؟
طبی ماہرین کے مطابق یہ انجیکشن آنکھ کے اندر ایک خاص پروٹین کی سرگرمی کو روکتا ہے، جو غیر معمولی خون کی نالیوں کی افزائش اور آنکھ میں سیال جمع ہونے کا سبب بنتا ہے۔ اس طرح ریٹینا کی سوجن کم کرنے اور بینائی کو مزید نقصان سے بچانے میں مدد ملتی ہے۔
مریض کی آنکھ کو قطرے ڈال کر سن کیا جاتا ہے، جراثیم سے پاک ماحول میں باریک سوئی کے ذریعے دوا آنکھ کے اندر موجود جیلی نما مادے میں پہنچائی جاتی ہے۔ انجیکشن لگانے میں صرف چند سیکنڈ لگتے ہیں، جبکہ مکمل طبی عمل تقریباً 15 منٹ میں مکمل ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران امریکا تنازع کا حل دھمکیوں اور فوجی کارروائیوں میں نہیں،ایرانی وزیر خارجہ
بعض مریضوں کو یہ انجیکشن ہر ماہ لگوانا پڑتا ہے، جبکہ بعض کی حالت کے مطابق 60 دن بعد فالو اپ کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے او سی ٹی نامی ٹیسٹ بھی کیا جاتا ہے، جس سے ریٹینا کی سوجن اور موٹائی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے عمران خان کی صحت اور طبی سہولیات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اہلِ خانہ، ذاتی معالجین اور قانونی ٹیم کو فوری اور بلا رکاوٹ رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔












