اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے حکومت کے پاس نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ہی ڈھیل، ان کی رہائی کا واحد راستہ عدالتیں ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو طبی معائنے کی سہولت حاصل ہے، تاہم بیرسٹر سلمان صفدر وکیل ہونے کے باوجود میڈیا میں طبی ماہر کا کردار ادا کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بیرسٹر سلمان صفدر نے بھی اعتراف کیا کہ عمران خان کو طبی معائنے کی سہولت میسر ہے۔ اگر وہ قانونی نکات پر توجہ دیں تو بانی پی ٹی آئی کی رہائی ممکن ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے بھی عمران خان کے علاج سے غافل نہیں تھی اور آئندہ بھی اس حوالے سے کوئی غفلت نہیں برتی جائے گی۔
طارق فضل چوہدری کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے حکم سے پہلے بھی انہیں چھ مرتبہ اسپتال لایا جا چکا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے بلڈ پریشر کے معاملے پر ضرورت پڑنے پر لندن سے ڈاکٹر بھی بلایا گیا اور ان کا علاج ان کی طبی ضروریات کے مطابق کیا گیا۔












