لاہور( پاک ترک نیوز) ملک بھر میں شدید گرمی پڑ رہی ہے ،پنکھا، اے سی، ٹھنڈا پانی،سب آزما لیا، مگر جسم پھر بھی نڈھال ہے ، ایسے میں سوال یہ ہے…کیا گرمی میں زیادہ گوشت کھانا طاقت دیتا ہے یا الٹا جسم کو مزید گرم کر دیتا ہے؟اور ہیٹ ویو کے دنوں میں آخر ہماری پلیٹ میں کیا ہونا چاہیے؟
شدید گرمی میں اکثر لوگوں کی بھوک خود بخود کم ہو جاتی ہے، مگر جسم کی ضروریات کم نہیں ہوتیں۔ غذائی ماہرین کہتے ہیں کہ ایسے موسم میں پیٹ بھرنے سے زیادہ ضروری جسم کو ٹھنڈا اور ہائیڈریٹ رکھنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھاری کھانوں کے بجائے ہلکی اور پانی سے بھرپور غذائیں زیادہ فائدہ دیتی ہیں۔
اگر آپ سمجھتے ہیں کہ گرمی میں زیادہ گوشت کھانے سے طاقت ملتی ہے تو ذرا رکیے. ماہرین کے مطابق گوشت، مرغی اور مچھلی ہضم کرنے کے لیے جسم کو زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے، جس سے جسم کے اندر مزید حرارت پیدا ہوتی ہے۔ یعنی ہیٹ ویو میں بڑی باربی کیو پارٹی آپ کو تازگی نہیں بلکہ مزید گرمی کا احساس دلا سکتی ہے۔
تو پھر طاقت کہاں سے ملے گی؟جواب ہے. دالیں، چنے، لوبیا، دہی، دودھ، انڈے، پنیر، خشک میوہ جات اور یونانی دہی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں شدید ہیٹ ویو، خطرہ کیوں بڑھ رہا ہے؟
یہ غذائیں پروٹین بھی دیتی ہیں اور جسم پر غیر ضروری بوجھ بھی نہیں ڈالتی ہیں۔ اگر ان کے ساتھ تربوز، خربوزہ، کھیرے، ٹماٹر یا سلاد شامل کر لیا جائے تو یہ گرمی کے خلاف قدرتی ڈھال بن سکتے ہیں۔
صرف پانی پینا کافی نہیں…
کھیرے، تربوز، اسٹرابیری، مالٹے، انگور، سیب، ناشپاتی اور انناس جیسے پھل جسم کو پانی بھی دیتے ہیں اور ضروری وٹامنز بھی۔
اس کے برعکس برگر، پیزا، بسکٹ اور زیادہ چکنائی والی غذائیں جسم کو پانی نہیں بلکہ مزید بوجھ دیتی ہیں۔
اور وہ لوگ جو کہتے ہیں ایک کپ کافی کے بغیر دن شروع نہیں ہوتا ۔ان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ ایک یا دو کپ چائے یا کافی عام طور پر نقصان دہ نہیں، لیکن کیفین کی زیادہ مقدار جسم سے پانی تیزی سے خارج کر سکتی ہے، اس لیے اعتدال ضروری ہے۔
ماہرین کا ایک دلچسپ مشورہ یہ بھی ہے کہ کھانے کا وقت بدل لیجیے۔ صبح جلدی ناشتہ کریں، دوپہر کی شدید گرمی میں آرام کریں، اور رات کو نسبتاً دیر سے ہلکا کھانا کھائیں۔ یہی عادت بحیرۂ روم کے کئی گرم ممالک میں برسوں سے اپنائی جا رہی ہے۔
ہیٹ ویو میں طاقت کا راز زیادہ کھانے میں نہیں، بلکہ سمجھداری سے کھانے میں ہے۔ اس موسم میں اگر پلیٹ رنگ برنگے پھلوں، تازہ سبزیوں، دہی اور ہلکی غذاؤں سے سجی ہو، اور ہاتھ میں پانی کا گلاس ہو،تو نہ صرف گرمی کا مقابلہ آسان ہو جاتا ہے بلکہ جسم بھی دن بھر چست اور توانا رہتا ہے۔کیونکہ شدید گرمی میں سب سے بہترین غذا وہی ہے جو جسم کو ٹھنڈک بھی دے اور توانائی بھی۔












