امان(پاک ترک نیوز)ترکیہ اور اردن کے حکام نے عمان میں ایک ملاقات میں تاریخی حجاز ریلوے کو محفوظ بنانے کے لیے تبادلہ خیال کیا ہے۔ ترکیہ کی خواہش ہے کہ اس تاریخی ریل نظام کو جہاں جہاں بھی اسکے آثار موجود ہیں انہیں بحال کیا جائے۔
منگل کے روز ہونے والی اس دو طرفہ بات چیت میں اردن کے وزیر ٹرانسپورٹ نضال القطامین شریک ہوئے جبکہ ترکیہ کے اردن میں سفیر نے بات چیت میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ ملاقات کے دوران دلچسپی کے دیگر امور کے علاوہ حجاز ریلوے کو محفوظ بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حجاز ریلوے کا یہ نظام خلافت عثمانیہ کے دور میں ایک بڑے منصوبے کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔ یہ ریلوے ٹریک شام کے راستے مدینہ تک پہنچنے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔
دونوں حکام نے دو طرفہ تعاون کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ عمان میں ریلوے کا ایک میوزیم تیار کرنے پر غور کیا۔ نیز نئے سرے سے اردن اور ترکیہ کے درمیان ریلوے سے متعلق منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: البرٹا میں ووٹرز کی اکثریت کا کینیڈا کا حصہ رہنے کے حق میں ووٹ
اس دوران عقبہ ۔شیدیہ – معان ریلوے پراجیکٹ بھی زیر غورآیا۔ یہ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے انتہائی مفید منصوبہ ہے جو فاسٹفیٹ کی کانوں تک رسائی رکھتا ہے اور معان گورنری سے اردن کے بندرگاہی شہر عقبہ تک رابطے کا ذریعہ ہے۔











