بنکاک:(پاک ترک نیوز)تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کے شمال مشرق میں ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا ہے جہاں تعمیراتی کرین مسافر ٹرین پر گرنے سے ٹرین پٹڑی سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ بڑی تعداد میں مسافر زخمی ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافر ٹرین بنکاک سے تھائی لینڈ کے شمال مشرقی علاقوں کی جانب سفر کر رہی تھی۔
یہ واقعہ صوبہ ناکھون رتھاسیما کے ضلع سیکھِیو میں پیش آیا جو بنکاک سے تقریباً 230 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق اب تک کم از کم 22 افراد ہلاک جبکہ 80 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبے تلے مزید لاشیں موجود ہو سکتی ہیں۔
تھائی وزیرِ ٹرانسپورٹ فیفٹ راچاکٹ پراکان نے بتایا کہ ٹرین میں مجموعی طور پر 195 مسافر سوار تھے۔ انہوں نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات سامنے آ سکیں۔
حکام کے مطابق کرین ایک ہائی اسپیڈ ریل منصوبے کی تعمیر میں استعمال ہو رہی تھی جو صبح تقریباً 9 بجے اچانک گر گئی اور سیدھا چلتی ٹرین پر آ گری، جس کے باعث ٹرین پٹڑی سے اتر گئی اور آگ بھڑک اٹھی۔
صوبائی تعلقاتِ عامہ کے محکمے نے تصدیق کی ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔مقامی میڈیا پر نشر ہونے والی براہِ راست فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیو اہلکار تیزی سے جائے حادثہ کی جانب پہنچ رہے ہیں، جبکہ رنگ برنگی مسافر ٹرین ایک جانب الٹی پڑی ہے اور ملبے سے دھواں اٹھ رہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے سے پہلے ایک زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی جس کے بعد دو دھماکے ہوئے۔ ایک مقامی رہائشی نے بتایا کہ کرین کا بھاری لوہا ٹرین کے دوسرے ڈبے پر گرا اور اسے درمیان سے چیر کر رکھ دیا۔
بعد ازاں پولیس حکام نے بتایا کہ جائے حادثہ پر کیمیکل لیکیج کے خدشے کے باعث ریسکیو آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں مکمل حفاظتی اقدامات کے بعد دوبارہ شروع کی جائیں گی۔












