راولپنڈی ( پاک ترک نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتِ حال اور پاکستان سنگاپور دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی فوج کے لیے شاٹ گن اور گرینیڈ لانچر سے لیس نیا ڈرون منظور
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سنگاپور کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مسلسل روابط اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ دونوں جانب سے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی روابط اور تعمیری تعاون کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہنے کے ساتھ علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔












