ریاض ( پاک ترک نیوز) مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک کمیٹی کا اہم اجلاس آج سعودی دارالحکومت ریاض میں ہوگا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت شرکت کرے گی۔پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اجلاس میں شریک ہوں گے۔سعودی عرب کی نمائندگی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کریں گے، جبکہ ترکیہ کی جانب سے وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر دفاع یاشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بائراکتار اوغلو اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، بالخصوص سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی چیلنجز اور حوثیوں کے حملوں کے معاملے پر تفصیلی مشاورت متوقع ہے۔تینوں ممالک کے نمائندے موجودہ علاقائی صورتحال، ممکنہ خطرات اور باہمی دفاعی تعاون کا جائزہ لیں گے، جبکہ سعودی عرب کی سلامتی اور خطے میں استحکام سے متعلق آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ نے بی ون بمبار طیارے حملوں کے خدشے کے پیش نظر برطانوی فوجی اڈے سے واپس بلا لئے
اجلاس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور مشترکہ سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ریاض اجلاس ایسے وقت میں ہورہا ہے جب خطے میں سکیورٹی صورتحال حساس ہے اور سعودی عرب کو حوثی حملوں کے تناظر میں سکیورٹی خدشات کا سامنا ہے۔ اجلاس کے دوران تینوں ممالک کی قیادت کی جانب سے آئندہ کے لائحۂ عمل پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔












