لاہور (پاک ترک نیوز ) پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سری لنکا پریمیئر لیگ میں کینڈی رائلز کی جانب سے مبینہ طور پر نظر انداز کیے جانے پر شدید ناراض ہو گئے اور ٹورنامنٹ چھوڑ کر پاکستان واپس آنے کا ارادہ کر لیا۔
کینڈی رائلز نے کولمبو کیپیٹلز کے خلاف میچ سے قبل شاہین آفریدی کو یقین دہانی کرائی تھی کہ انہیں امپیکٹ پلیئر کے طور پر میدان میں اتارا جائے گا۔ اس قانون کے تحت نامزد کھلاڑی میچ کے دوران کسی دوسرے کھلاڑی کی جگہ لے سکتا ہے اور اپنے مکمل چار اوور کروا سکتا ہے یا بیٹنگ بھی کر سکتا ہے۔
تاہم جب کینڈی رائلز نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو دورانِ اننگز ٹیم کے کوچ نے شاہین آفریدی کو آگاہ کیا کہ تجزیہ کار کی غلطی کے باعث ان کا نام سرکاری ٹیم شیٹ میں امپیکٹ پلیئر کے طور پر شامل ہی نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ٹیم 282رنز پر آؤٹ ،ویسٹ انڈیز کو 155رنز کی برتری
اس غیر متوقع صورتحال پر شاہین آفریدی حیران اور مایوس ہوئے اور انہوں نے فوری طور پر ٹورنامنٹ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے ایک عہدیدار کو معاملے سے آگاہ کر دیا۔
یہ واقعہ ایل پی ایل میں انتظامی غفلت پر سوالات اٹھا رہا ہے، جبکہ اینٹی کرپشن یونٹ کی شمولیت کے بعد معاملے کو مزید سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے۔












