لاہور( پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ساہیوال کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں ولایت شاہ، قاسم ندیم، ارشد ملک، ندیم اسلم لودھی، رانا ریاض احمد اور محمد حنیف شامل تھے۔ملاقات میں ساہیوال میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات اور شہر کی خوبصورتی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال میں جلد مزید 14 الیکٹروبسیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور شفافیت پر کڑی نظر رکھی جائے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ انہیں گاؤں اور مقامی سطح تک لے جایا گیا ہے تاکہ عام آدمی بھی ان منصوبوں سے براہ راست مستفید ہوسکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نواز شریف سکولز آف ایمننس میں غریب اور امیر دونوں طبقوں کے بچوں کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔ ان سکولوں کا معیار کسی بھی اچھے اور بڑے نجی سکول سے کم نہیں ہوگا۔ارکان صوبائی اسمبلی نے ساہیوال شہر کی خوبصورتی کے منصوبے کو شاندار اور تاریخی اقدام قرار دیا اور پنجاب ترقیاتی منصوبے کے تحت چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں جاری ترقیاتی کاموں کو بھی سراہا۔ارکان اسمبلی نے ساہیوال ڈویژن کے لیے 10 جدید ترین نواز شریف سکولز آف ایمننس کے قیام کے اقدام پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ساہیوال اور دیگر شہروں میں سیوریج اور نکاسی آب کے منصوبوں پر بھی اظہار تشکر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی
ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ عوام کے حقیقی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ساہیوال میں عارف والا بائی پاس، یوسف والا، نور شاہ، کے ایف سی بائی پاس، جنرل بس اسٹینڈ سے کمیر، اڈہ سبیل اور بالا موڑ کے منصوبوں کے ساتھ الیکٹروبس سروس بھی ہزاروں شہریوں کو سہولت فراہم کررہی ہے۔












