لاہور( پاک ترک نیوز) پنجاب حکومت نے شہری فضائی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کیلئے لیکوئیڈ ٹری منصوبے کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مطابق پاکستان کا پہلا ماحولیاتی تحفظ ایجنسی سے تصدیق شدہ لیکوئیڈ ٹری فیصل آباد سے لاہور منتقل کیا جائے گا ۔ منصوبے کے تحت بڑے شاپنگ مالز، عوامی مقامات اور دیگر شہری علاقوں میں مزید لیکوئیڈ ٹریز نصب کیے جائیں گے۔
لیکوئیڈ ٹری ایک جدید بائیوٹیکنالوجی نظام ہے جو مائیکرو الجی کی مدد سے فضا میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتا اور ہوا کے معیار کو بہتر بناتا ہے، خصوصاً ان مقامات پر جہاں روایتی درخت لگانا ممکن نہیں ہوتا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا منصوبے کیلئے کراچی سے خیبر تک مختلف علاقوں سے 100 سے زائد اقسام کی مائیکرو الجی جمع کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق یہ جدید سائنسی منصوبہ شہروں میں بڑھتی ہوئی سموگ اور فضائی آلودگی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
حکام کے مطابق لیکوئیڈ ٹری منصوبہ پنجاب حکومت کی ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہے، جس کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ماحولیاتی مسائل سے نمٹا جا رہا ہے۔
ادھر ماحولیاتی تحفظ ایجنسی نے صوبے بھر میں ماحول کیلئے خطرناک 36 چربی پگھلانے والے یونٹس مسمار کر دیے جبکہ 6 یونٹس کو سیل کرکے مالکان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے











